سارے پرچوں میں فیل طلباء کو بھی پروموٹ کرنے کا فیصلہ

625
فائل فوٹو

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں بورڈز امتحانات میں سارے پرچوں میں فیل طلباء کو بھی پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید ٖغنی نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کرتےہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے این سی سی میں فیصلہ کیا تھا کہ جو بچے 40 فیصد پرچوں میں فیل ہوئے ہیں ان کو پاس کیا جائے گا لیکن ہماری ذیلی کمیٹی نے فیصلہ کیا سارے پرچوں میں فیل ہونے والے بچوں کو بھی پاس کیا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ اگر کسی بچے کو اس لیے پاس نہیں کریں گے کہ وہ کچھ پرچوں میں فیل ہوا تو ہمیں اس کو امتحان دینے کی اجازت دینی ہوگی لیکن ہمیں یقین نہیں ہے کہ اگلے دو سے تین مہینوں میں حالات اس قابل ہوں گے بچوں کو امتحانات کے لیے انتظام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیریقینی صورت حال کے باعث ایسے بچوں کو 33 فیصد پاسنگ نمبر دے کر پروموٹ کیا جائے گا تاکہ وہ بھی نئی کلاس میں چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دسویں اور بارھویں جماعت کے بچوں کا نتیجہ ہمارے پاس ہے اس لیے ان کو اسی حساب سے نمبر دیے جائیں گے اور اضافی 3 فیصد نمبر بھی ملیں گےجبکہ نویں اور گیارویں جماعت کے جن بچوں نے بورڈ کا امتحان نہیں دیا ہے ان کی کارکردگی جانچنے کے لیے ہمارے پاس کوئی پیمانہ نہیں ہے، اس لیے ان کو نمبر نہیں دیے جائیں گے تاہم وہ پروموٹ ہوں گے

انہوں نے کہا کہ جب وہ اگلے برس دسویں اور بارھویں کا امتحان دے گا اور جو نمبر آئیں گے اتنی ہی نمبر نویں اور گیارھویں میں بھی تصور ہوں گے۔