چینی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نیب کیوں خاموش ہے،سعید غنی

528

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ چینی سبسڈی میں عمران خان، رزاق داؤد، اسد عمر اور دیگر ملوث ہیں,چینی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نیب کیوں خاموش ہے، نیب نے کیوں وزیراعظم، اسد عمر، رزاق داؤد اور حفیظ شیخ کو گرفتار نہیں کیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ چینی کمیشن رپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں حکو متی ذمے داروں کا تعین نہیں کیا گیا، چینی سبسڈی میں عمران خان، رزاق داؤد، اسد عمر اور دیگر ملوث ہیں، چینی آج بھی مہنگی ہے اور اس کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے بطور وزیر کامرس گندم برآمد کرنے کی اجازت دی جب کہ پنجاب میں گندم کی سبسڈی وزیر اعلیٰ پنجاب نے دی،وزیراعظم کو چینی کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب نے اسد عمر، رزاق داؤد اور حفیظ شیخ کو کیوں گرفتار نہیں کیا؟ نیب کا ان افراد کو گرفتار نہ کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نیب نے کیوں بزدار کو گرفتار نہیں کیا؟ رپورٹ آنے کے بعد نیب خاموش ہے، نیب نے کیوں وزیراعظم کو گرفتار نہیں کیا۔

سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم خود فیصلے کرتے ہیں، خود بھول جاتے ہیں، پھر انکوائری بھی خود کرواتے ہیں، پی ٹی آئی پر پیسے خرچ کرنے والے فیصلے کرتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘پی ٹی آئی نے اپنے کماؤ پوت بچانے کیلئے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کو رگڑا’، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تھے لیکن پی ٹی آئی کے اپنے لوگ جو وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے اے ٹی ایمز تھے، ان کو بچانے، چینی کے اسکینڈل کو مزید بگاڑنے اور باقی لوگوں کو بھی شامل کرنے کے لیے فرانزک کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب خورشید شاہ اور آصف علی زرداری کو گرفتار کیا تھا تو کون سی فرانزک ہوئی تھی، فریال تالپور، آغا سراج درانی اور شرجیل میمن گرفتار ہوا تو کون سی فرانزک ہوئی۔

سعید غنی نے کہا کہ یہاں پی ٹی آئی کے کماؤ پوت پھنس رہے تھے تو فرانزک کی گئی، فرانزک چینی اسکینڈل کے مجرموں پر ہونی چاہیے تھی،چونکہ کمیشن میں عمران خان، اسد عمر، رزاق داؤد اور عثمان بزدار کا نام آرہا ہے اور یہی پانچوں نام پی ٹی آئی اے کی حکومت میں ہیں اس لیے ان کو بچانا اور پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور کو بھی کھول دیا۔