ترجمان سندھ حکومت کی لاک ڈاؤن میں اضافے اور سختی کی زیرگردش افواہوں کی تردید

194

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے لاک ڈاؤن میں اضافے اور سختی کے حوالے سےگردش  کرنے والی افواہوں کی تردیدکردی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نےاہم ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹوں کا رُخ کیا، جو خطرناک ثابت ہوسکتا ہے،عوام حکومت کے اعلان تک سوشل میڈیا پر گردش افواہوں پر کان نہ دھریں، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہوگا۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ مارکیٹوں میں رش اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے،عوام خوف کا شکار ہوں اور نہ ہی خوف پھیلانے کا باعث بنیں،احتیاط کرنی ہے تو کورونا سے کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام بنیادی اشیاء کے فراہمی سے متعلق ہرگز پریشان نہ ہوں،بنیادی اشیاء کی دستیابی حکومت کا فرض ہے،ضروری اشیاء کی دستیابی کا یقین دلاتے ہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ پچھلے چند روز سے کورونا سے ہونے والے اموات کی شرح ہمارے سامنے ہے،اموات کی شرح میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے،سندھ حکومت ایک بار پھر عوام سے احتیاط برتنے کی درخواست کرتی ہے،شہری گھروں میں رہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نےکہا کہ گھروں سے انتہائی ضروری کام سے نکلنا ہے تو ماسک پہننا اور فیزیکل فاصلہ رکھنا ہے،دوسروں کو بھی اچھے انداز میں اسی بات کی تلقین کرنی ہے،ہمیں کورونا کا شکار ہونے والے افراد سے سبق حاصل کرنا ہے۔