حیدرآباد7 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ،شہریوں میں اشتعال

112

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد میں شدید گرمی کے ساتھ ہی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد اور اس کے گردونواح میں 7سے 8گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ گرمی کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمر پھٹ جانے سے متاثرہ افراد کئی روز سے مشکلات کا شکار ہیں۔ حیدرآباد میں حیسکو انتظامیہ نے گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی بندش کے دورانیے میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ عین اس وقت جب گرمی کے ستائے شہری گھروں پر جاتے ہیں تو وہاں بجلی نہیں ہوتی یا پھر ٹرانسفارمر سمیت فنی خرابی کے باعث کئی روز سے بجلی نہیں ہے ۔ حیدرآباد میں لاک ڈا¶ن کے سبب پہلے ہی صبح سے شام 5بجے تک کا کاروبار رہ گیا ہے اوپر سے بجلی کی بندش سے کاروباری افراد کو پریشان کیا ہو اہے۔ جب صبح وہ اپنی دکانیں کھولتے ہیں تو اکثر بجلی نہیں ہوتی اور انہیں کئی کئی گھنٹے تک بجلی کا انتظار کرنا پڑتا ہے جس کے باعث کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ جمعہ کو ہوم اسٹیڈ ہال پکاقلعہ اور اس کے اطراف میں صبح 8بجے بجلی بند کی گئی جو پونے ایک بجے بحال ہوئی اور پھر ڈھائی بجے دوبارہ بجلی بند ہوگئی جو رات تک بحال نہ ہوسکی۔ اس دوران گھر میں خواتین ، بچوں اور بزرگوں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاﺅن سے شہر میں تجارتی سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہیں اب رہی سہی کسر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے پوری کردی۔انہوں نے متعلقہ حکام سے حیسکو کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔