بلوچستان سے این ایف سی کے رکن جاوید جبار مستعفی

122

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان سے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے رکن جاوید جبار مستعفی ہوگئے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے جاوید جبار کے استعفے پر ردعمل میں کہا کہ جاوید جبار کی جانب سے رضاکارانہ طورپردیا گیا استعفا افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ خود غرض افراد نے جاوید جبار سے متعلق غلط معلومات پھیلائیں۔ان کا کہنا ہے کہ جاوید جبار تجربہ کار اور ان کی بلوچستان کے امورپرگہری نظرہے، منفی کردار ادا کرنے والے افراد کو جلد اپنی غلطی کا احساس ہوگا۔خیال رہے کہ بلوچستان سے جاوید جبار کو این ایف سی کا ممبر مقرر کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی۔ رواں ماہ ہی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10 واں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) تشکیل دیا تھا۔وزیر خزانہ کی حیثیت سے وزیر اعظم عمران خان قومی مالیاتی کمیشن کے چیئرمین ہوں گے جبکہ مشیر خزانہ اور چاروں صوبائی وزرائے خزانہ قومی مالیاتی کمیشن کے رکن ہوں گے۔ اس کے علاوہ بلوچستان سے جاوید جبار ، صوبہ سندھ سے ڈاکٹر اسد سعید اور خیبر پختونخوا سے مشرف رسول کو کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا تھا۔پنجاب سے سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو قومی مالیاتی کمیشن میں شامل کیا گیا تھا۔