ٹڈی دل حملے‘پنجاب میں ہنگامی حالت نافذ‘ایک ارب روپے جاری

217

ملتان (اے پی پی) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیا ل نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ہنگامی حالت نافذکرکے 1ارب روپے کی خطیر رقم جاری کردی گئی ہے۔ ٹڈی دل کی موثر نگرانی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا اپنا سرکاری ہیلی کاپٹر بھی استعمال ہورہاہے،پنجاب لوکسٹ کنٹرول پلان مرتب کرکے پی ڈی ایم اے ،تمام ڈویژنز اور اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کردیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیاسے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابرودیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ گزشتہ جولائی سے لے کر اب تک ٹڈی دل کے حملے سے پنجاب کے متاثرہ 24اضلاع میں 1کروڑ 47لاکھ سے زائد رقبے پر ٹڈی دل کی موثر نگرانی کی جاچکی ہے۔اینٹی ٹڈی دل اسکواڈ کی جانب سے جدید ترین آلات ومشینری کے ذریعے 7لاکھ56ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر75ہزار لیٹرسے زائد زرعی ادویات کا اسپرے کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد ٹڈی دل دوسری بڑی قدرتی آفت ہے جس کے کنٹرول کے لیے محکمہ زراعت بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔مکڑی کی سمر بریڈنگ کنٹرول کرنے کے لیے فضائی اسپرے کا انتظام کرلیا گیا ہے۔