سندھ اسمبلی اجلاس: عملے اور اراکین کیلیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار

108

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں کے 3 جون کو ہونے والے اجلاس کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے ایس او پی کو حتمی شکل دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اسمبلی ممبران کے ساتھ ساتھ اسمبلی اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا اور کورونا فری افراد ہی سندھ اسمبلی حال میں داخل ہوسکیں گے، اجلاس میں صرف کورونا وبا پر ہی بحث ہوگی۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز اسپیکر سندھ اسمبلی ا?غا سراج درانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں گیا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ، ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا،رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید، حکمران جماعت پیپلزپارٹی کی جانب سے صوبائی وزراء مکیش کمار چاولہ، امتیاز احمد شیخ ، سید ناصر حسین شاہ ، سعید غنی ، مرتضیٰ وہاب صدیقی اور گھور اسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات کی منظوری دی گئی کہ اجلاس میں شرکت کے لیے ممبر کا کورونا فری ہونا ضروری ہے ، اس کے لئے ارکان کو اسمبلی کی حدوداور ان کے گھروں میں بھی سہولت فراہم کی جارہی ہے، اسی طرح تمام عملہ کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا ۔ تمام ارکان اور متعلقہ افراد کے لئے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ اسمبلی کی حدود میں ارکان اسمبلی ، متعلقہ عملے اور میڈیا کے نمائندوں کو ہی جانے کی اجازت ہوگی۔ ایک وقت میں حال میں ارکان کی تعداد 91 سے زائد نہیں ہوگی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں صرف کورونا وبا کا ایشو ہی شامل ہوگا ، کسی اور موضوع پر بحث نہیں ہوگی۔