( چائے کی تصویر وائرل) نوازشریف کی ایک جھلک سے مخالفین کے اوسان خطا ہوجاتے ہیں‘ مریم نواز

204

لندن، لاہور(مانیٹر نگ ڈ یسک +نمائندہ جسارت )سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں چائے پیتے ہوئے ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ علاج کے سلسلے میں عدالت سے ضمانت پر بیرون ملک جانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ لندن میں سڑک کنارے ایک ہوٹل میں اہلخانہ کے ساتھ موجود چائے یا کافی پی رہے ہیں۔اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کسی ہوٹل میں موجود کھانا کھارہے تھے اور اس موقع پر ان کے بھائی شہباز شریف، دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے علاوہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔نوازشریف کی تصویر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ٹوئٹر پر ان کی تصویر کے ہمراہ ایک پوسٹ کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد ملک میں نظام عدل اور انصاف پر سوالیہ نشان اٹھائے۔مسلم لیگ (ن) کی ر ہنماء مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں۔نوازشریف کی لندن کے ہوٹل میں بیٹھے ہوئے وائرل ہونے والی تصویر پر ہونے والی تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے مخالفین کا ہر حربہ ہمیشہ کی طرح الٹا ہو گیا، تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو کہ ہر بار کی طرح ناکام ہوا۔مریم نوازکا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں جب کہ اس تصویر سے سابق وزیراعظم کے چاہنے والے خوش ہوئے اور ان کو حوصلہ ملا ہے، مخالفین کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ ایسی حرکتوں سے یہ لوگ صرف اپنا مزید نقصان اور نوازشریف کو انجانے میں فائدہ پہنچاتے ہیں، نواز شریف کا خوف نا ان کو جینے دیتا ہے نا چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان لوگوں نے میاں صاحب کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ نے بچا لیا،یہ لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر میری بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں تو ان کے لیے نوازشریف کی اپنے گھر کی خواتین اور بچیوں کے ساتھ چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اگر یہ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا۔مریم نواز کے بیان پر ڈاکٹر شہباز گل نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بول کر بھاگی ہوئی شخصیت سے کیا خوف، جھلک ضرور دکھائیں بار بار دکھائیں عوام کو پتا چلتا ہے، میاں صاحب کبھی بھی بیمار نہیں تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ عوام سے اداروں سے جھوٹ بولا گیا۔ اخلاقیات کا لیول یہ ہے کہ پہلے دبا کر جھوٹ بولا جاتا ہے پھر اس پر ناز کیا جاتا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے! محترمہ آپ شدید غلط فہمی کا شکار ہیں، عوام تصویر کو دیکھ کرغصے میں ہیں کہ کس طرح ایک سند یافتہ مجرم نے نظام کا مذاق اڑایا اور فرارہوگیا، تصویر نے ثابت کردیا کہ آپکا ہر بیان جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے۔ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ آپ کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں تھی ؟ آپکو تو اس جھوٹ پر بھی فخر ہو گا۔ زلزلہ زدگان کا مال لوٹا، جعلی ٹی ٹی اور سرکاری ٹھیکیداروں سے ذاتی اکاونٹ میں کک بیک لئے۔ بیماری کا جھوٹ بول کر لوگوں کی ہمدردی سمیٹی اس پر بھی ناز ہو گا۔نواز شریف کے خوف سے متعلق انہوں نے مزید کہا کہ ایک جھوٹ بول کر بھاگی ہوئی شخصیت سے کیا خوف ہو سکتا ہے، خوفزدہ تو وہ ہیں جن کہ بیٹے سمدھی بھتیجے لوٹ مار کے مقدمات میں مفرور ہیں، آپ لوگ اللہ کی سزا سے ڈریں۔واضح رہے مسلم لیگ (ن) کے قائد علاج کے سلسلے میں اس وقت لندن میں موجود ہیں اور وہ گزشتہ سال دسمبر میں خصوصی طور پر علاج کے لیے عدالت سے ضمانت لے کر لندن گئے تھے۔