پی ٹی آئی حکومت پیپلزپارٹی فوبیا کا شکار ہے‘ اکرام اللہ دھاریجو

166

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت اور محکمہ امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے وزرا پیپلز پارٹی فوبیا کا شکار ہوچکے ہیں اور وفاقی وزرا کی فوج کو اپوزیشن کے خلاف بیان بازی اور تنقید برائے تنقید کرنے کے بجائے کورونا اور ٹڈی دل سے مقابلہ کے لئیے اپنی حکومت کی توجہ مبذول کروانے اور موثر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی پارٹی لیڈرشپ کی ہدایات پر سندھ میں کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے اور اس بچا کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے تاہم کورونا وائرس کا مقامی سطح پر پھیلنا خطرناک ہے ان خطرات کی وزیراعلی سندھ نے پہلے ہی نشاندہی کر دی تھی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کو ملک اور عوام کی کوئی پروا نہیں‘ وہ انتقامی کارروائیوں پر یقین رکھتی ہے جو قابل افسوس ہے۔