حکومت پنجاب کا احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ

129

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں صوبے بھر میں منہ او رناک ڈھانپنے کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا،جس کے تحت انتظامیہ،پولیس اور ٹریفک وارڈن منہ او رناک نہ ڈھانپنے والے افراد کو تنبہ کر سکیں گے۔ اجلاس میںکورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لیے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز کے تحت ایک ہزا رلیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت دے دی۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن ایس او پیزپر عمل درآمد کو یقینی بنا کر تحریری امتحان اور انٹرویوز لے سکے گاتاہم این سی او سی کو پنجاب پبلک سروس کمیشن انٹرویوز کی اجازت کے فیصلے سے آگاہ کیاجائے گا۔اجلاس میں طے کیا گیاکہ مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپارائٹرکی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کیاجائے گا۔پارکس کھولنے کی تجویز کا جائزہ،حتمی فیصلہ این او سی او کرے گا۔ تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی کرے گا۔لاہور کے میو اورجناح اسپتال میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی،ایکسپرٹ پروٹوکول کے تحت نازک حالت میں کورونا مریض کا پلازما سے علاج کیا جاسکے گا۔