وزارت صحت ٹھیکے پہ چل رہی ہے‘مریم اورنگزیب

133

لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر صحت عمران خان کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتا وزیراعظم عمران صاحب کے پاس شعبہ صحت کا’’لک آفٹر چارج‘‘ہے، وزارت صحت ٹھیکے پہ چل رہی ہے جس کا وزیر لاپتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکے پہ چلتی حکومت نے وفاقی دارالحکومت کے صحت کے نظام کو ٹھیکے پہ دے دیا ہے، اسلام آباد میں کورونا کے مریض2100 سے زیادہ ہوگئے لیکن وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں کو عارضی چارج پہ چلایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پمز، پولی کلینک، فیڈرل گورنمنٹ اسپتال عارضی چارج پہ چل رہے ہیں، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیب لیٹیشن میڈیسن اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ عارضی چارج پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی ہیلتھ بھی عارضی چارج پہ ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) بھی عارضی چارج پر چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالائق، نا اہل، چور حکومت3 ماہ میں4 سیکرٹری صحت تبدیل کر چکی ہے، پی ایم ڈی سی آج تک عمران صاحب کی انا کا نشانہ بنا ہوا ہے اور مکمل طور پہ فعال نہیں ہو سکا، نالائقوں اور چوروں کی حکومت نے ہر شعبے کی طرح صحت کے شعبے کا بھی بیڑا غرق کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ7 سال میں خیبر پختونخوا کا صحت کا نظام تباہ کرنے کے بعد پورے پاکستان کا نظام مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، کورونا متاثرین اور اموات کی بڑھتی تعداد کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فی الفور مستقل تعیناتیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے جان بچانے والی دوائیوں کی درآمد کی آڑ میں اربوں کا ڈاکا ڈالنے کے لیے نظام عارضی چارج پہ چلایا جا رہا ہے، اس لیے کہ دوائیوں کی500 فیصد قیمتیں بڑھا کر ڈاکا ڈالا جاسکے جس پر تاحال کسی کو پوچھا تک نہیں گیا، کورونا مریضوں اور اسپتالوں کا برا حال ہے لیکن نتھیا گلی میں سیر کرتے وزیراعظم لاپتا ہیں۔