عثمان بزدارکوبچانے کیلیے مراد علی شاہ پر تنقید ہورہی ہے‘ ناصر حسین شاہ

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات ، جنگلات وجنگلی جیوت اور مذہبی امورسید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چینی اسکینڈل میں پی ٹی آئی اپنی جماعت کے وزیر اعلیٰ کو بچانے کے لئے سید مراد علی شاہ کو بے جا تنقید کا نشانہ بنارہی ہے لیکن ہم کردار کشی پر یقین نہیں رکھتے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چینی برآمد کرنے کی اجازت کسی اور نے نہیں خود وزیراعظم عمران خان نے دی تھی۔ان کے اس غلط قدم کی وجہ سے لوگ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ منظور نظر افراد کو سبسٹڈی سے نوازا گیا ہے۔حکومت سندھ کے تمام اقدامات عوام اور آبادکاروں کی بہبود کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سے ہر انسان نالاں نظر آتا ہے۔ یہ خود کو فرشتہ ثابت کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ہم تمام شہریوں اور صحافیوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ ہمارے دشمن ہمیشہ نامراد رہے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ کی کارکردگی سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج کی باتیں دیوانے کا خواب ہیں۔ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چینی اسکینڈل میں بددیانتی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس وزیراعظم نے برآمد کی اجازت دی اسکا رپورٹ میں نام نہیں ہے اور اومنی گروپ کا نام لیا جارہا ہے جسے صرف 15 فیصد سبسڈی دی گئی جبکہ جن کے میڈیا میں نام لئے جارہے ہیں انہیں اسی فیصد تک سبسڈی دی گئی۔ ان میںجہانگیر ترین ، خسرو بختیار اور دیگر لوگ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں شوگر ملز مالکان کو سبسڈی کسانوں کی خاطر دی گئی کیونکہ انکے گنے کی فصل خراب ہورہی تھی۔