اسرائیلی فوج نے ذہنی طور پر معذور فلسطینی کو شہید کردیا

276

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی فوج میں مقبوضہ بیت المقدس میں ایک اور فلسطینی کو شہید کردیا۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق 32سالہ فلسطینی ایاد خیری الحلاق کو مبینہ طور پر اسلحہ لے کر چلنے کا الزام لگا کر شہید کیا گیا، تاہم فلسطینی شہری کے پاس سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔ شہید فلسطینی مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے وادی الجوز کا رہایشی تھا۔ نوجوان کو شہید کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے اس کے گھر کی تلاشی لی اور گھر والوں سے پوچھ تاچھ کی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ شہید کیا گیا فلسطینی ذہنی طور پر معذور تھا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں مشہور سماجی کارکن اور مسجد اقصیٰ کی مرابطہ ہنادی الحوانی کو مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط سے گرفتار کرلیا۔ حلوانی کو قدیم بیت المقدس اور الغزالی اسکوائر کے درمیان سے حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے قدیم بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف کی کالونیوں میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روک دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی بھی لی۔ ادھر قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں چھاپوں کے دوران 2 فلسطینی بچوں کو اغوا کر لیا۔ مقامی ذرائع نے کہا کہ قابض صہیونی فوج نے الخلیل کے قدیم علاقے پر ہلا بولا، اور 16سالہ محمود جابر اور 17 سالہ مہند النتشہ کو ان کے گھروں سے اغوا کیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔