اسمگلنگ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا سہارا لیا گیا ،اولمپئن حنیف خان

350

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپئن حنیف خان نے انکشاف کیا ہے کہ 1983ء میں اسمگلنگ کے لیے قومی ٹیم کا سہارا لیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان حنیف خان نے الزام عائد کیا کہ 1983ء میں ٹیم کا کپتان تھا اور پاکستان ٹیم ہانگ کانگ سے وطن واپس آرہی تھی اور سامان میں گاڑیوں کے پارٹس، چشموں کے فریم اور وی سی آر شامل تھے۔سابق اولمپئن نے بتایا کہ ہانگ کانگ ائر پورٹ پر ہی اسمگلنگ کا سامان پاکستان ہاکی ٹیم کے سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا اور ائر پورٹ پر کسٹم حکام نے پاکستان ہاکی ٹیم کو اسمگلنگ کے سامان سے آگاہ کیا۔حنیف خان کا کہنا تھا کہ اس وقت اسمگلنگ کے سامان کی لاگت تقریباً ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے تھی۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید بتایا کہ جب تحقیقات ہوئیں تو اس میں ٹیم کے کچھ آفیشلز ملوث پائے گئے لیکن پاکستان کا نام مزید بدنام ہونے سے بچانے کے لیے کیس کو دبا دیا گیا۔