لیاری کے بچوں کو کھلونا پستول کی طرف راغب کرنا سازش ہے،گورنر

339

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے، عید پر لیاری کے بچوں کو کھلونا پستول دینا ایک نئی سازش کا حصہ لگتا ہے،آج کی کھلونا گن کل اصل پستول میں بدل سکتی ہے،علاقے میں کن کلچر واپس نہیں آنے دیں گے، لیاری سے باکسنگ اور فٹبال کے کھلاڑی مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لیاری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ لیاری کے دورے کے دوران گورنرسندھ آزاد باکسنگ کلب گئے جہاں انہوں نے بچوں کو باکسنگ گلوز ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کا سامان بھی دیا ۔گورنرسندھ نے 200 کرکٹ کٹس،500 فٹبالز اور 50 باکسنگ گلوز سمیت دیگر کھیلوں کا سامان بچوں کو دیا ۔ اس موقع پراراکین قومی و صوبائی اسمبلی آفتاب صدیقی ، عبد الشکور شاد ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زماں ،اشرف قریشی اوردیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کے بھرپور تعاون کے باعث علاقہ کو گینگ وار، کلاشنکوف کلچر سے نجات ملی ہے، آج کی کھلونا گن کل کی اصل پستول بن سکتی ہے بچوں میں اس خطرناک رجحان کا فروغ طے شدہ منصوبہ بندی کا حصہ لگتا ہے۔عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ لیاری میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے یہاں کے نوجوان باصلاحیت ہیں ضرورت ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ہے، ہم لیاری کے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں گے۔