عوام کوٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیا ‘طارق چاندی والا

200

کراچی(صباح نیوز)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری طارق چاندی والانے کہا ہے کہ حکمران، حکمرانی انجوائے کرنے کے بجائے عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔عوام نجی ٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کاتباہ حال نظام کب درست کیا جائے گا؟پیٹرول اور سی این جی کے نرخوں میں کمی کے باوجود لاک ڈائون کے دوران چلنے والے رکشا، ٹیکسی وچنگ چی بے لگام ہو چکے ہیں۔ رضاکارانہ طور پر کرایے کم کرنے کے بجائے کرایوں میں ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔من مانے کرایے وصول کر کے عوام کی کھال اتاری جا رہی ہے۔رکشہ، ٹیکسی و چنگ چی کے کرائے مقرر کرنے کامعیار کیا ہے؟ سندھ حکومت نے بسوں، منی بسوں،کوچز اور سرکاری بسوں کے کرایہ جات کی فہرست گزشتہ چھ سالوں سے جاری نہیں کی ہے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں لاک ڈان کے دوران چنگ چی رکشہ اور رکشہ، ٹیکسی مالکان کی جانب سے منہ مانگے کرایے وصول کرنے پر رد عمل کا ا ظہار کرتے ہوئے طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ لاک ڈان کے دوران عوام کو درپیش ٹرانسپورٹ کی بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رکشہ، ٹیکسی،چنگ چی اور دیگر نجی ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں ظالمانہ اضافہ کر رکھا ہے اور کوئی اتھارٹی نوٹس نہیں لے رہی۔ حکومت عوامی مسائل سے نابلد لیڈرشپ کے ہاتھوں میں ہے جو نہ کوئی وژن رکھتے ہیں اور نہ ہی انہیں عوام کے مسائل کا ادراک ہے۔کون سی آفت ہے جو اہل کراچی کے گلے میں نہیں ڈال دی گئی۔ پیپلز پارٹی ووٹ نہ دینے پر کراچی سے انتقام لے رہی ہے۔