کلفٹن پولیس نے 2موٹرسائیکل چوروں کو رشوت لے کر رہا کردیا

333

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کلفٹن تھانے کی پولیس موٹر سائیکل لفٹر کی سہولت کار بن گئی ، شہریوں کی جانب سے 2کم سن موٹر سائیکل چور پکڑ کر پولیس کو دیے گئے، پولیس نے رشوت لے کر رہا کر دیا ، شہریوں میں اشتعال،شہریوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن سے اپیل کی ہے کہ محکمہ میں کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کے دعوے بے فائدہ ثابت ہوئے۔ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں پر قابو نہ پایا جا سکا۔کراچی میں چور اتنے دیدہ دلیر ہو گئے کہ انہیں قانون کا خوف رہا اور نہ پکڑے جانے کا ڈر ، دن دہاڑے شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی جانے لگیں ، کلفٹن تھانے کی حدود اپر گزری میں جمعرات کے روز شہریوں نے رنگے ہاتھوں 2کمسن موٹر سائیکل چور ملزمان کو پکڑا اور دونوں ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کے سپرد کی گئی تاہم کلفٹن تھانے کے انٹیلی جنس افسر حنیف نے متعلقہ تھانے کے حوالے کرنے سے قبل ہی بھاری رشوت کے عوض دونوںچوروں کو رہا کر دیا، اس حوالے سے اپرگزری کے عوام میں پولیس کے خلاف اشتعال پایا جاتا ہے ۔ شہریوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ انٹیلی جنس افسر کے خلا ف رشوت کے عوض ملزما ن کو رہا کر نے کی تحقیقات کرا ئیں اور جرم ثابت ہونے پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لا ئی جائے تاکہ محکمہ پولیس سے اس طرح کی کالی بھیڑوں کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔