بن قاسم:واٹربورڈ کے عملے نے 3 مکانات مسمارکردیے

188

کراچی( اسٹاف رپورٹر)واٹربورڈ کے عملے نے بن قاسم کے علاقے میں کنڈیوٹ پر قائم 3 غیر قانونی مکانات اور ایک تھلہ مسمار کردیا ،قبضہ مافیا کے کارندوں کیخلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا گیا، کامیاب کارروائی پر ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واٹربورڈ کی ڈیمولیشن ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیربلدیات کی ہدایات پرواٹربورڈ کے عملے نے ہفتہ کوبن قاسم کے علاقہ شاہنواز گوٹھ سے گزرنے والی 54انچ قطر کی ہالیجی کنڈیوٹ پر قائم 3غیرقانونی مکانات اور ایک اینٹوں کا تھلہ مسمار کردیا ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر کے ڈی سول ٹومحمد ریاض ، ایگزیکٹیوانجینئر عمران عبداللہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر ریحان اقبال پولیس نفری اور بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن میں حصہ لیا ۔ واٹربورڈنے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر ندیم خاصخیلی، محمد علی اور دیگر ملزمان کے خلاف بن قاسم تھانہ میں مقدمہ درج کرادیاہے،دریں اثنا ایم ڈی واٹربورڈ اسد اللہ خان نے کامیاب کارروائی پر واٹربورڈ کے ڈیمولیشن اسکواڈ کومبارکباددی ہے ،انہوں نے کہا کہ شہر اور شہر سے باہر واٹربورڈ کی اراضی کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔