ڈاکٹرزاورعملے میں کورونا پھیلنا تشویشناک ہے‘ خرم شیرزمان

221

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے سندھ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں تیزی سے کورونا پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں کورونا کے کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے اور سندھ حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیرزمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو جان بچانے والے مسیحاوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ ہسپتالوں میں اب تک ڈاکٹرز اور عملے کو حفاظتی کٹس اور دیگرحفاظتی اشیاء کی فراہم یقینی نہیں بنائی جاسکی۔ حکومت سندھ بتائے کہ صحت کے شعبے کے لیے مختص بجٹ اور کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ملنے والی امداد اور سامان کہاں گیا؟حکومت سندھ ڈاکٹرز اور ہسپتال عملے کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال سے بھی کھیل رہی ہے۔ خرم شیر زمان کامزید کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔ حکومت سندھ نے اب تک نئے آئسولیشن سینٹرز قائم نہیں کیے۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پورا محکمہ صحت آئسولیشن میں جاچکاہے۔