پاکستان کا حج کوٹا70فیصد کم ،اخراجات میں30فیصد اضافے کا امکان

348

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان کا حج کوٹا70فیصد کم ،اخراجات میں30فیصد اضافے کا امکان۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رواں برس حج آپریشن کا آغاز آئندہ ماہ 25 جون کو متوقع ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کو سعودی عرب کی وزارت حج سے کوئی سگنل نہیں ملا۔وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7ہزار عازمین حج کی قرعہ اندازی کررکھی ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے رواں سال حج کے لیے مختص شدہ پاکستانی کوٹے میں 70 فیصد کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال 25 جولائی کو حج کی ادائیگی متوقع ہے لیکن سرکاری شعبے کے ساتھ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کے لیے کوئی واضح ہدایات سامنے نہیں آئی ہیں جس کی وجہ سے ابھی تک پرائیویٹ اسکیم کے تحت عازمین حج کی بکنگ مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ کورونا کی وجہ سے عازمین حج کی تعداد محدود کیے جانے کا قوی امکان ہے اور یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ محدود تعداد میں حاجیوں کو اجازت دیے جانے کے بعد بھی کورونا کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے حج پیکج میں مزید 30 فیصد اخراجات کا اضافہ ہوسکتا ہے جو مناسک حج کے دوران کورونا ایس او پیز کے حوالے سے ہوسکتا ہے۔سعودی وزارت حج جون کے آخر تک حرم پاک کو عام لوگوں کے لیے کھول کر عبادات کی اجازت دے سکتی ہے تاہم یہ بھی کورونا کے کیسز کی صورتحال پر منحصر ہے۔پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج کمپنیوں کے مالکان نے ابھی تک سعودی عرب میں رہائشی اور سفری انتظامات کے حوالے سے بھی معاملات کو حتمی شکل نہیں دی اور وہ بھی سعودی حکومت کی طرف سے حج کے حوالے سے سگنل ملنے کے انتظار میں ہیں۔واضح رہے کہ سعودی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارات ابھی معطل رہیں گی تاہم اس پر نظر ثانی ہوتی رہے گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کر رہے ہیں اور صورتحال جیسے ہی بہتر ہوگی تو اسی حوالے سے کوئی بہتر فیصلہ کیا جاسکے گا جبکہ ملک میں معطل ہونے والے معمولات زندگی اب آہستہ آہستہ بحال ہورہے ہیں تاہم حج وعمرہ کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔