کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کل سے بسیں چلانے کا اعلان

302

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے یکم جون سے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا۔ صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریوں اور گاڑیاںروکنے پر دھرنا دیںگے‘لاک ڈائون کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید مالی پریشانی کا شکار ہیں‘ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی اجازت دی ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز نے حکومت سندھ کے قوانین پر من و عن عمل کیا ہے‘یکم جون سے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کرتے ہیں۔ ارشاد بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں18 مارچ سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا‘ وزیر اعلیٰ کے حکم پر ہم نے بھی گاڑیاں کھڑی کر دیں‘ تاجروں کو دکانیں کھولنے کی اجازت ملی تو ہم نے بھی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی‘ بسوں پر کام کرنے والے دہاڑی پر کام کرتے ہیں‘ اگر گاڑیاں بند کرنا ضروری ہے تو ٹرانسپورٹرز کو بھی ریلیف دیں‘ سعید غنی نے کہا کہ آپ ایس او پیز بنائیں‘ ہم نے کہا کہ گاڑیاں سیٹ بائی سیٹ چلائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مالی حالت بہت خراب ہے‘ تاجروں کو اجازت دی‘ وہاں ایس او پیز کا جو حال ہوا سب نے دیکھ لیا‘ شہر میں چنگچی رکشہ چل رہے ہیں جس میں10، 10 افراد کو بٹھایا جا رہا ہے‘ پاکستان میں تمام شعبے چل رہے ہیں‘ بند ہے تو صرف کراچی میں ٹرانسپورٹ بند ہے‘ہماری حکومت سے کوئی چپقلش نہیں ہے‘ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کل کیا فیصلہ کرتی ہیں ‘ہم دیکھ رہے ہیں‘ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم جون کو گاڑیاں سڑکوں پر لائیں گے‘ حکومت نے ہماری بھوک کا خیال نہیں کیا‘ ہم اپنے بچوں کو سسکتا نہیں دیکھ سکتے ہیں‘وزیر اعلیٰ اور وزرا غصہ نہ کریں‘ ہم نے مجبوراً یہ فیصلہ کیا ہے‘پیر سے ہم سیٹ بائی سیٹ گاڑیاں چلائیں گے‘ ڈرائیور اور کنڈیکٹر ماسک، دستانے اور سینی ٹائزر استعمال کریں گے‘ جو ٹرانسپورٹرز اس پر عمل نہیں کریں گے‘ ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کئی دفعہ یقین دہانی کرائی مگر ٹرانسپورٹ نہیں چلانے دی‘ٹرانسپورٹرز سے کہا ہے کہ پولیس اگر پکڑے تو گرفتاری دے دیں‘اگر گاڑیاں نہیں چلنے دی تو دھرنا دیں گے۔