سابق سینیٹر جاوید جبار نے قومی مالیاتی کمیشن سے استعفا دیدیا

247

کوئٹہ (این این آئی)سابق سینٹر جاوید جبار نے بلوچستان سے بطور رکن این ایف سی ایوارڈ اپنا استعفا دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق سینیٹر جاوید جبار نے بتایاکہ قومی مالیاتی کمیشن کے رکنیت سے مستعفی ہو گیا ہوں، صدر مملکت عارف علوی کو استعفے سے متعلق خط لکھ دیا ہے۔ قومی مالیاتی کمیشن کا رکن نامزد کرنے پر صدر مملکت ،بلوچستان کا رکن بنانے پر گورنر جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلوچستان میں میری نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، گزشتہ 2 ہفتوں سے میری نامزدگی کی سیاسی مخالفت کی گئی۔سابق سینیٹر نے کہا کہ میری نامزدگی پر بلوچستان کے کئی حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مثبت کاموں کی بھی مخالفت کی گئی، میری نامزدگی پر کچھ حلقے ہائی کورٹ تک بھی پہنچے۔ میں نے اپنا استعفا براہ راست صدر مملکت کو بھجوادیا ہے، بلوچستان کے مختلف منصوبوں میں رضا کارانہ خدمات جاری رہیں گی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ جام کمال نے جاوید جبار کے استعفے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس انہیں بھی ہو گا جنہوں نے ان کی تعیناتی کو ایشو بنایا۔