مئیراسلام آباد کی بحالی کا عدالتی فیصلہ وفاق نے چیلنج کردیا

161

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی حکومت نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی عہدے پر بحالی کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کردیا ہے۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کردی ہے۔ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے انٹراکورٹ اپیل دائر کردی۔ وفاق کی جانب سے دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے21 مئی کو شیخ انصر عزیز کو عہدے پر بحالی کا حکم دے دیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے قانونی تقاضے پورے کیے بغیر شیخ انصر عزیز کی معطلی پر حکم امتناع جاری کیا۔ انٹراکورٹ اپیل میں استدعا کی گئی کہ شیخ انصر عزیز کی بحالی سے متعلق عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ خیال رہے کہ حکومت نے17 مئی کو میئر اسلام آباد کو90 روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔ شیخ انصرعزیز کی معطلی کا مقصد ان کے خلاف الزامات کی صاف شفاف انکوائری کرنا تھا۔لوکل گورنمنٹ کمیشن نے میئر اسلام آباد کو معطل کرنے کی وزارت داخلہ کو سفارش کی تھی۔ انصرعزیز پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈا میں4 کروڑ روپے کی بد عنوانی کا الزام ہے۔خیال رہے کہ مبینہ بد عنوانی، اقربا پروری، بدانتظامی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے سمیت متعدد الزامات پر لوکل گورنمنٹ کمیشن نے میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز کو معطل کرنے کی وزارت داخلہ کو سفارش کی تھی۔