ایف آئی اے ٹرانزٹ گیٹ اور مشترکہ بازار چاہ کو کھول دیا گیا

169

تفتان ( آن لائن )عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان میں تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایران نے ایف آئی اے ٹرانزٹ گیٹ اور مشترکہ بازار چاہ کو کھول دیا۔ پاک ایران تجارتی سرگرمیاں آج دوبارہ شروع ہوگئی ہیں، ایران سے متصل تجارتی گیٹ پچھلے ایک ہفتے سے بند تھے۔ پاک ایران ایف آئی اے ٹرانزٹ گیٹ سے 15 لوڈ ٹرالر گاڑیاں تجارتی سامان لیکر تفتان آئیں، ایران سے آنے والی گاڑیوں کو تجارتی پوائنٹ پر اسپرے اور ڈرائیورز کی اسکریننگ بھی کی گئی۔ ایران نے اپنے 2 تجارتی گیٹ ابتدائی طور پر تجارت کے لیے کھول دیے ہیں جبکہ دو طرفہ تجارتی گیٹ زیرو پوائنٹ ابھی تک بند ہے، دونوں تجارتی پوائنٹس سے صرف ایران کی طرف سے تجارتی سرگرمیاں بحال ہیں جبکہ پاکستانی اشیا کی تجارتی سرگرمیاں تاحال معطل ہیں جس سے پاکستانی تاجروں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ایران کے مختلف شہروں سے گرفتار37 پاکستانی شہریوں کو ایرانی سیکورٹی فورسز نے تفتان راہداری گیٹ کے مقام پر لیویز انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ گرفتار پاکستانی بغیر سفری دستاویزات کے سفر میں گرفتار کیے گئے تھے۔لیویز انتظامیہ کے مطابق گرفتار پاکستانی بہتر روزگار کی تلاش میں ایران سے یورپ جانا چاہتے تھے۔