نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری

202

صوبہ سندھ میں نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کردیے گئے، نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے نادرا دفاتر کے سوموار سے نئے اوقات جاری کر دیے گئے، نادرا ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل ہیڈ آفسز پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔

جمعے کو نادرا کے دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے، میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

نائیکوپ اور پی او سی (پاکستان اوریجن کارڈ) کے حامل شہری قطاروں سے بچنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا استعمال کر سکتے ہیں۔

نادرا سینٹرز آنے والے سائلین کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے، شہریوں کو سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر عمل کرنا لازم ہوگا، سائلین اور تصدیق کنندہ کو بھی چہرے کا ماسک لازمی پہننا ہوگا۔

نادرا ملازمین کو دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سینٹرز میں رجسٹریشن کے ہر عمل کے بعد انگلیوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جا رہا ہے۔

نادرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ستمبر 2019 سے 30 جون 2020 تک کے زائد المعیاد شناختی کارڈز کی مدت رواں سال یکم جولائی تک بڑھائی جا چکی ہے۔