کراچی: کورونا مریض کے انتقال پر لواحقین کا ڈاکٹروں پر تشدد

538

کراچی کے سول اسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کے انتقال پر لواحقین نے ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خادم قریشی کے مطابق مریض کی حالت تشویش ناک تھی جبکہ مریض کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

ڈاکٹر خادم قریشی کے مطابق مریض کو ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا، دورانِ علاج مریض دم توڑ گیا جس پر لواحقین نے اسپتال میں ہنگامہ کھڑا کردیا۔

لواحقین نے اسپتال میں احتجاج کیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایم ایس کے مطابق لواحقین کی تعداد زیادہ تھی اس لیے پولیس اہلکار صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے، جبکہ لواحقین زبردستی میت اسپتال سے اٹھا کر لے گئے۔

ڈاکٹر خادم قریشی کا کہنا ہے کہ لواحقین میت بغیر ایس او پی کے لے گئے، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو آگاہ کردیا ہے۔