حکومت کا 3 وزارتوں میں مزید 100 اسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ

114

اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے 3 وزارتوں میں 100 نئی اسامیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے وزارت توانائی ،پیٹرولیم اور آبی وسائل ڈویژنز میں چند اعلیٰ سطح تکنیکی ایڈوائزرز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرز جنرل کی اسامیوں سمیت 100 نئی اسامیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ
حکومت کو ان حساس شعبوں میں تکنیکی ماہرین کی کمی کا سامنا ہے اور اس کے لیے پبلک اور نجی سیکٹرز سے ڈیپو ٹیشن کی بنیاد پر لوگوں کو ہائر کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان افسران کے درمیان مفادات میں تصادم پر تنقید کے باعث حکومت کو گزشتہ کچھ ما ہ میں بعض قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور وزارتوں نے اپنے متعدد عہدیداروں کو ان کی پیرنٹ تنظیموں میں واپس بلا لیا ۔ رپورٹ کے مطابق ان تمام حالات میں توانائی اور پیٹرولیم ڈویژنز سب سے زیادہ متاثر ہوئے ۔ وزارت آبی وسائل کے پاس مبینہ طور پر اعلیٰ کوالیفائیڈ اسٹاف کی کمی ہے جبکہ پانی اور توانائی وزارت کو بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ان ڈویژنز نے حکومت کی منظوری سے ان تکنیکی ایڈوائزروں اور ایگزیکٹو ڈائریکٹروں کے علاوہ بعض افسران جو کہ ان وزارتوں میں طویل تعیناتی کے دوران وسیع تجربہ اور تعلیم حاصل کر چکے انہیں دوبارہ ہائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔