کوروناسے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ، مشیر تجارت

390

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ کووڈ19 سے دنیا میں تبدیلی آئی ہے اور اس سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے، ہمارے پاس اس صورتحال میں کاروباری ماڈل کو تبدیل کرنے کا بھی موقع ہے، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، برآمدات کو بڑھانے سمیت حکومت نے تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ان خیالات
کا اظہار انہوں نے وزارت تجارت کے کووڈ19 سے متعلق تھنک ٹینک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وڈیو لنک اجلاس جمعہ کو مشیر تجارت کی زیر صدارت ہوا جس کا مقصد کووڈ19 کے برآمدات پر اثرات کو کم کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنا ہے، تھنک ٹینک سیکرٹری تجارت، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹریڈ ڈپلومیسی)، ڈائریکٹر جنرل (ٹیکسٹائل) اور نمایاں صنعتوں پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر کورونا وائرس کے برآمدات پر اثرات اور ان کو کم کرنے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر تبدیلی آئی ہے اور اس سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیا و مصنوعات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر خدمات کے شعبے میں پیدا ہونے والے مواقع میں بھی اپنا حصہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو وسعت دینے، مسابقتی عمل میں شامل ہونے، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ صنعتی شعبے کے نمائندوں نے حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے برآمدات کے فروغ کے لیے کاروباری لاگت کم کرنے کی تجویز دی۔