حکومت ملازمین کو برطرف کرنے کے بجائے اسٹیل مل چلائے،حافظ نعیم

134

کراچی (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ حکومت ملازمین کے روزگار پر شب خون مارنے کے بجائے اسٹیل مل کو چلانے کے لیے اقدامات کرے،حکومت اسٹیل مل ملازمین کے خلاف کسی بھی ظالمانہ اقدام سے باز رہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں اسٹیل مل ملازمین کی نمائندہ تنظیموں پاسلو اور ٹاپس کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت پاسلو کے صدر محمد عاصم بھٹی نے کی اور اسٹیل مل کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے ملازمین کی جبری برطرفیوں سمیت کسی بھی ظالمانہ ہتھکنڈے کے خلاف اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ جماعت اسلامی اسٹیل مل کے ملازمین کے ساتھ ہے۔ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی و دیگر بھی موجود تھے ۔وفد میں جنرل سیکرٹری پاسلو علی حیدر گبول ،نائب صدور داو¿د خان ،اسد اعوان، حافظ وقاص،نائب صدر ٹاپس معین الدین ،ٹاپس کے انفارمیشن سیکرٹری خالد صابرودیگر بھی شامل تھے۔پاسلو اور ٹاپس کے وفد نے اسٹیل مل کے چیئرمین امریکی شہری عامر ممتاز اور وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کی جبری برطرفیوں کے عزائم کے خلاف حافظ نعیم الرحمن سے مدد اور تعاون کی اپیل کی۔وفد نے بتایا کہ اسٹیل مل روس کے تعاون سے لگائی گئی تھی جبکہ اب اسٹیل مل کی بحالی اور توسیع کے حوالے سے روس کی جانب سے تعاون کی پیشکش موجود ہے لیکن حکومت روس کی پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ملازمین کو جبری برطرف کرکے آئی ایم ایف کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کرنا چاہتی ہے۔