عوام کی خاطر سخت فیصلے کیے، اسپتالوں میں سہولیات بڑھا رہے ہیں، ناصر حسین

182

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کے خاطر کیے، عدالتی احکام پر وفاق کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی۔ کراچی میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ حکومت نے عدالتی احکام پر وفاق کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں، عوام کی خدمت میں مصروف ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موجودہ حالات میں انسانیت کی بقا میں مصروف مسیحا ہمارا فخر ہیں، اسپتالوں میں بیڈز اور دیگر سہولیات بھی بڑھا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کی خاطر کیے، عوام افواہوں سے اجتناب کریں اور حکومتی اعلانات پر عمل کریں، سماجی فاصلوں کی روایت اور احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رہنا چاہیے، کورونا کے ساتھ رہنے کی عادت اپنانا ہوگی، حکومت سندھ کی کاوشوں کو ریل اور جہاز کی سفری آزادیاں نقصان پہنچارہی ہیں۔