انصاف کے نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے،وزیراعظم

222

اسلام آباد(نمائندہ جسارت وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف کے موجودہ نظام پرعوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے۔عوا م کو انصاف کی سہل اور فوری فراہمی سے متعلق قانونی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، پارلیمانی سیکرٹری ملائیکہ علی بخاری و دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انصاف کے نظام میں بہتری کے لیے عوام کی توقعات موجودہ حکومت سے وابستہ ہیں،معاشرے کے کمزور، بے بس اورلاچار طبقات کی آواز بننا اور ان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ نظامِ عدل میں پائے جانے والے سقم دور کرنا اور عوام کی آسان، سستے اور فوری انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ فوجداری مقدمات کے نظام میں اصلاحات ، تھانہ کلچر میں تبدیلی، مقدمات کے اندراج، تفتیش، جیلوں میں اصلاحاتی عمل کے حوالے سے بھی روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔وزیر اعظم نے وفاقی وزیر قانون ، مشیر برائے پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔ انہوں نے اس کمیٹی کو عوام کی توقعات کے مطابق قانونی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے وقت کا تعین کرکے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جدید فارنزک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں قیدی خواتین کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیرانسانی حقوق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ سیکرٹری وزارت انسانی حقوق کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے، کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے جیل خانہ جات کے آئی جیز شامل ہوں گے۔ سارہ بلال اور حیا زاہد کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی قیدی خواتین کے ساتھ صنفی امتیازی اور اس سے متعلقہ معاملات پر کام کرے گی اور اس مسئلہ کے حل کے لیے اداہ جاتی انتظامات تجویز کرے گی۔ بیان کے مطابق کمیٹی کی چیئرپرسن کو کسی فرد کو بطور رکن کمیٹی میں شامل کرنے کا اختیار ہو گا۔مزید برآں وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال سمیت سیاسی اور معاشی امور پر انہیں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مافیاز نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے، کرپٹ سیاستدان مافیاز کی مدد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف واضح ثبوت آچکے ہیں، ان کے کیس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔وزیراعظم نے مزید کہاکہ ملک کو عرصے سے لوٹا جا رہا تھا، کسی نے توجہ نہیں دی، مجھے عوام اور کمزور طبقے کی فکر ہے۔