سندھ ہائیکورٹ،توہین عدالت کی درخواست پر سندھ حکومت کو نوٹس

151

کراچی (نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کی عد م تعمیل اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں سے متعلق تو ہین عدالت کی درخواست پر صوبائی حکومت سمیت دیگر کو 11 جون تک نوٹس جاری کردیے۔جمعہ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے عدالتی احکامات کی عد م تعمیل اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں سے متعلق مرید علی شاہ کی توہین عدالت کی دائر درخواست کی سماعت کی ،فاضل عدالت نے صوبائی حکومت سمیت دیگر مدعا علیہان کو آئندہ سماعت پر جوابات بھی داخل کرنے کا حکم دیا ہے ۔سماعت کے موقع پر جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ بتایا جائے صوبائی حکومت نے عدالتی احکامات پر کس قدر عملدرآمد کیا؟ صوبائی حکومت ٹڈی دل کے خلاف مو¿ثر اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا،ہم صوبائی حکومت کو توہین عدالت کا نوٹس جاری نہیں کررہے مگر عدالتی حکم نامے پر کتنا عمل کیا وہ بتائیں، دوران سماعت درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت نے پہلے بھی ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے تھے ،گزشتہ سال آنے والی ٹڈی دل ختم کردیتے تو اب مزید پھیلاو¿ نہ ہوتا، ٹڈی دل کا فوری خاتمہ نہ کیا گیا تو پورے ملک سے خوراک کی قلت پیدا ہوجائے گی جبکہ سندھ بھر میں فصلیں تباہ ہورہی ہیں، حکومت کچھ نہیں کررہی،سماعت کے دورابن ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹڈی دل پرانی نہیں نئی ہے،ٹڈی دل پر اسپرے کرنے کے لیے پاکستان کے پاس ایک ہی جہاز ہے اور جہاز زیادہ تر پنجاب کے علاقوں میں اسپرے کررہا ہے جبکہ ٹڈی دل نیشنل ڈیزاسٹر ہے، صوبائی حکومت نے جہاز فراہم کرنے کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا ہے ۔