مہنگائی ،بے روزگاری،غربت کا سونامی آرہا ہے، لیاقت بلوچ

193

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مہنگائی ،بے روزگاری،غربت کا سونامی آرہا ہے۔ حکومتی نااہلی بھی عیاں ہے اور قومی سیاسی بحران اور زیادہ بحران لائے گا۔متنازع دھاندلی زدہ انتخابات اور نااہل حکومت کی وجہ سے 2018ء سے قومی معیشت زوال پذیر ہے۔ ابھی اقتصادی بحران شدید ہوگا ۔ قومی معیشت کے تحرک میں عیدین کے موقع پر عوامی اخراجات اہم کردارادا کرتے ہیں ۔گزشتہ سالوں کا جائزہ بتا رہا ہے کہ 2017ء میں 945ارب روپے، 2018ء میں1.1کھرب روپے ، 2019ء میں 800 ارب روپے اور 2020ء میں560 ارب روپے کی خریدار ی ہوئی۔ جی ڈی پی گروتھ منفی 0.83 فیصد ہوگئی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کوروناوائرس پھیل رہا ہے ۔متاثرہ مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کی بے احتیاطی اپنی جگہ لیکن اول دن سے عمران خان نے کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا۔وفاق اور صوبوں میں تضاد، تصادم ،لاک ڈائون پر تذبذب ،طبی سہولتوں کا فقدان، عوام کو ریلیف دینے کا ناقص نظام اور حکومتی تذبذب کی وجہ سے عوام کورونا ہونے یا نہ ہونے کی ذہنی کشمکش کا شکار ہیں۔ حکومتی نااہلی نے کورونا تباہ کاری میں اضافے کی سہولت کاری کی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ چینی اسکینڈل کی رپورٹ آگئی ،آٹا مافیا ابھی بھی محفوظ ہے۔ رپورٹ میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو محفوظ کر کے ساری رپورٹ کو متنازع بنا دیا گیا ہے۔ سبسڈی کا فیصلہ کرنے والے معلوم ہوگئے۔ایسی رپورٹ پر عملدرآمد حکومت کے لیے چیلنج ہے کہ قومی خزانے اور عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا لائسنس دینے والے کیوں محفوظ ہیں۔ناجائزسبسڈی دینے اور لینے والے دونوں قومی مجرم ہیں۔