پاکستان ریلوے کا یکم جون سے مزید 10 ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ

148

لاہور/ کراچی (نمائندہ جسارت/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ریلوے نے یکم جون سے مزید 10 ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ فیصلہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا‘ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید آج لاہور میں اس کا اعلان کریں گے‘ انہوں نے وزیراعظم سے مشاورت کرلی ‘سخت حفاظتی تدابیر کے لیے آن لائن بکنگ، سیٹوں میں فاصلہ اور مانیٹرنگ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے لاہور، کراچی کے درمیان چلنے والی16 ڈائون اور 15 اپ مسافر ٹرینیں غیر معینہ مدت کیلیے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ریلوے حکام نے یہ فیصلہ عوام کی جانب سے مذکورہ ٹرین کی ڈیمانڈ کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ ریلوے نے31 مئی کے بعد بھی ٹرینوں کے ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ محکمہ ریلوے نے ہدایت جاری کی ہے کہ لاک ڈائون کے دوران چلائی جانے والی15 اپ اینڈ ڈائون ٹرینوں کی ایڈاوانس بکنگ31 مئی کے بعد بھی جاری رکھی جائے۔ ریلوے کے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کر دی گئی کہ اگلے احکامات تک ایڈوانس بکنگ جاری رہے گی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان ریلوے ریزرویشن ہیڈ کوارٹر میں صرف ایک کائونٹر مسافروں کو اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدر آباد، روہڑی اور سکھر میں ٹکٹوں کے بکنگ آفسز صبح8 سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔