بلوچستان :طبی عملے اور سیکورٹی اہلکاروں کو ماہانہ اضافی بنیادی تنخواہیں دینے کا اعلان

186

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ڈاکٹروں، طبی عملے اور سرکاری ملازمین کو شہدا کی کیٹیگری میں شامل کرنے اور ان کے لواحقین کو شہدا پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت کورونا وائرس اور ٹڈی دل کی روک تھام سے متعلق امور کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا‘جس میں شیخ زید اور فاطمہ جناح اسپتال کے ڈاکٹروں، پیر ا میڈکس، لیبارٹری ٹیکنیشنز اور بلاواسطہ ڈیوٹی دینے والے اسٹاف اور سیکورٹی اہلکاروں کی مالی مراعات کا اعلان بھی کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ڈیوٹی کی نوعیت کے مطابق ڈاکٹروں، پیرا میڈکس سمیت دیگر اسٹاف اور سیکورٹی اہلکاروں کو ماہانہ ایک تا 3 اضافی بنیادی تنخواہیں دی جائیں گی اور اضافی بنیادی تنخواہوں کی ادائیگی یکم مارچ 2020ء سے لاگو ہو گی‘ محکمہ صحت ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی ڈیوٹی کی نوعیت سے متعلق تفصیلات محکمہ خزانہ کو فراہم کرے گا۔ محکمہ صحت ، محکمہ زراعت اور بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے اجلاس کو متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، عوام کے عدم تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا‘ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نجی اسپتالوں اور رجسٹرڈ کلینکس میں او پی ڈی اور علاج معالجہ پر پابندی نہیں تاہم حفاظتی تدابیر کی ایس او پی پر عملدرآمد لازم ہو گا‘ اجلاس میں سرکاری اسپتالوں میں اسمارٹ او پی ڈی کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ علاوہ ازیں بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس یا اس کے شبے میں جاں بحق ہونے والے افراد سے متعلق پالیسی مرتب کرلی جس کے مطابق اسپتالوں میں کورونا وائرس کے شبے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے جبکہ ڈاکٹرز علامات کا جائزہ لینے کے بعد موت کو کورونا وائرس سے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ دے سکیں گے ‘ پالیسی کے حوالے سے گزشتہ2 ہفتے کی اموات کا ڈیٹا مرتب کرکے محکمہ صحت کی رپورٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔