غلام سرور، ارشدملک کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے پرا یس ایچ سے جواب طلب

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کیس میں وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان ،سی ای او ارشد ملک و دیگر کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے سے متعلق قادر خان مندوخیل کی درخواست پرا یس ایچ او ماڈل کالونی کو 2 جون کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، درخواست گزار نے اپنی دائر درخواست میں وفاقی وزیر غلام سرور خان، سی ای اوارشد ملک،گراؤنڈ انجینئر اور چیف انجینئر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ماڈل کالونی میں کریش ہو گیا تھا اور حادثے میں 97 مسافر جاں بحق اور دو مسافر زندہ بچ سکے، طیارے کو فلائٹ سے پہلے اچھی طرح چیک نہیں کیا گیا ،طیارہ حادثے کی ذمے داری وزیر ہوا بازی غلام سرور خان،سی ای او ارشد ملک و دیگر پر عاید ہوتی ہے جبکہ ایس ایچ او ماڈل کالونی کو طیارہ حادثے کے ذمے داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دی گئی تھی لیکن ایس ایچ او ماڈل کالونی نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا، لہٰذ ااستدعا ہے کہ وفاقی وزیر غلام سرور خان، سی ای اوارشد ملک،گراؤنڈ انجینئر اور چیف انجینئر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔