بلوچستان: پرائیویٹ اسکولز الائنس نے سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دیدی

154

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان پرائیوٹ اسکولز گرینڈ الائنس نے حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے صوبے بھر میں سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دیدی ہے، پرائیویٹ اسکول گرینڈ الائنس کے ترجمان نذرمحمد بڑیچ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 8لاکھ سے زاید بچے نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں مگر گزشتہ چھ ماہ سے نجی اسکول بند ہونے کی وجہ سے صوبے میں تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچا چکا ہے جس کی وجہ سے پرائیوٹ اسکولوں سے وابستہ50ہزار سے زاید اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف بے روزگار ہوگیا ہے، صوبے کے تمام نجی اسکولز کرایے کی عمارتوں میں قائم ہیں مگر کرایہ ادا نہ کرنے پر بیشتر مالکان نے اپنے گھروں کو بھی خالی کروالیا ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباکی وجہ سے ہم نے حکومت کے ساتھ تعاون کیا مگر حکومت نے دیگر تمام شعبوں کو کھولنے کی اجازت دی لیکن کئی بار کے مطالنے کے باوجود پرائیوٹ اسکولز کو کھولنے نہیں دیا گیا جو سراسر انصافی ہے ۔ اب پرائیوٹ اسکولز اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں اور اگر حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے ساتھ اسکولز کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو ہم سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔