اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان شہید کردیا

220

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے شہر رام اللہ میں نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ شمال مغربی رام اللہ کے علاقے حلمیش میں فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کی کارروائی کے دوران پیش آیا۔ عبرانی اخبار یدیعوت اخرنوت کے مطابق فلسطینی نوجوان فوج آپریشن کے علاقے میں صہیونی اہل کاروں سے بچ کر بھاگ رہا تھاکہ فوجیوں نے اس کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ ادھر صہیونی فوج کی جانب سے واقعے کی تصدیق کردی گئی، تاہم شہید فلسطینی کی شناخت کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ دوسری جانب قابض فوج نے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران 18فلسطینی گرفتار کرلیے۔ امور اسیران سینٹر کے ترجمان ریاض اشقر نے بتایا کہ صہیونی اہل کاروں نے فلسطینیوں کے گھروں میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ حراست میں لیے جانے والوں میں 15 سالہ محمد خلدون مصطفی بھی شامل ہے۔ ادھر اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی شہری عیسیٰ عباسی کو 10 سال قید کے بعد رہا کردیا گیا۔