نائیجیریا میں فوج کی کارروائی‘ 241مغوی رہا کرالیے

418

ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا کی فوج نے ایک آپریشن کے ذریعے دہشت گرد تنظیم بوکو حرام سے 241 مغویوں کو رہا کرا لیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق نائیجیرین وزارت دفاع کے ترجمان جان اننچے نے پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد کرائے گئے مغویوں میں 136 بچے اور 105 عورتیں تھیں۔ مغویوں کو شمال مشرقی ریاست بورنو کے دیہات مودو میں 24 مئی کو کیے گئے انسداد دہشت گردی کے ایک آپریشن میں آزاد کرایا گیا اور اس پیش رفت کا جمعہ کے روز باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے شدید جھڑپ ہوئی اور دہشت گردوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی گئی، تاہم کارروائی میں 14 جنگجو ہلاک ہو گئے اور کئی فرار ہو گئے۔ کارروائی کے بعد فوج نے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ آپریشن میں فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں شمال مغربی نائیجیریا میں ہوئے ایک مسلح حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 60 افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار تقریباً 100 مسلح افراد نے سوکوبو صوبے کے بعض دیہات پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں نائیجیریا میں موٹر سائیکل سواروں کے حملوں میں اضافہ ہ وا ہے۔