ترکی میں مساجد آباد‘ سعودی عرب میں کل کھولی جائیں گی

215

انقرہ ؍ ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ملک بھر کی مساجد میں اجتماعی عبادات پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی وبا کے باعث 16 مارچ کو عائد کی گئی پابندیوں کے بعد گزشتہ روز ترکی میں پہلی نماز جمعہ ادا کی گئی۔ اس سلسلے میں محکمہ مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کی نماز کے ساتھ ہی مساجد کو نمازیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ اس سے قبل مساجد میں شہریوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے نماز سے قبل ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز مساجد کھولنے کے موقع پر وزیر انصاف عبدالحمید گل، سابق وزرا اور ارکان پارلیمان نے بھی مساجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ اُدھر سعودی عرب میں دوبارہ کھولنے سے قبل 90 ہزار مساجد میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔ اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کل اتوار کے روز سے مساجد کو دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، تاہم مکہ مکرمہ میں واقع مساجد بند رہیں گی۔ اس سلسلے میں مساجد میں حفاظتی اقدامات سے متعلق نمازیوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے کئی زبانوں میں مہم چلائی گئی ہے جس میں گھر سے وضو کرکے آنے اور ہاتھوں کو صابن سے دھونے سمیت جائے نماز گھروں سے لانے کی تاکید کی گئی ہے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ قرآن کریم کی تلاوت کے لیے موبائل فون کا استعمال کیا جائے اور صفیں بناتے وقت ہر نمازی 2 میٹر کا فاصلہ رکھے۔