یمنی وزیر اطلاعات کے ایران پر سنگین الزامات

647

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کے وزیر اطلاعات ونشریات معمر الاریانی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کی تقسیم ایران کا پرانا منصوبہ ہے جو آج ایک بار پھر کھل کر ہمارے سامنے آگیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں یمنی وزیراطلاعات نے کہاکہ ایران نے ماضی میں صعدہ میں علاحدگی پسند المومن یوتھ موومنٹ کی بھی ایسے ہی حمایت کی تھی جیسے آج حوثی باغیوں کی حمایت اور مدد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران گزشتہ 5 برس سے حوثی باغیوں کو سیاسی، اقتصای اور عسکری مدد فراہم کرکے یمنی عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنانے کے ساتھ یمن کی تقسیم کی سازش پرعمل پیرا ہے۔ ایران کے لیے حوثی باغیوں کے ذریعے پورے یمن پر قبضہ کرنا مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ تہران نے یمن کو جغرافیائی بنیادوں پر توڑنے کی کوششیں کی ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب میں برطانیہ کے سفیر نیل کرمپٹن نے حوثی باغیوں کے سعودی شہر نجران میں آبادی پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حوثی باغی اگر امن چاہتے ہیں تو انہیں سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ کرمپٹن نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کے حملوں سے لگتا ہے کہ وہ یمن میں امن کے لیے کوششیں کرنے میں سنجیدہ نہیں۔