مولانا عبید الرحمن ضیا نے اپنی پوری عمر احیا سنت کیلیے وقف کر رکھی تھی

287

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکر ٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک احیا سنت کے بانی رہنما مولانا عبید الرحمن ضیا نے اپنی پوری عمر توحید کے چرچے اور احیا سنت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس صحابہ پر محنت کی اور پاکستان اور برطانیہ میں مسلمانوں کومشرکانہ رسومات سے اگاہ کیا جو ان کے لیے یقیناً صدقہ جاریہ ہے۔وہ گزشتہ روز کمالیہ میں مرکزی پاکستان علما کونسل کے رہنما اور جامعہ عبیدیہ کمالیہ کے بانی حضرت مولانا عبید الرحمن ضیا کے انتقال پر ان کے فرزندان اور معتقدین سے تعزیتی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولوی محمد صدیق ، رانا قمر الاسلام، حکیم حافظ محمد قاسم، حاجی عبد الکریم قمراور قاری محمد سدید و دیگر حضرات بھی موجود تھے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ مولانا عبید الرحمن ضیا شرک و بدعت کے قاطع تھے اور انہوں نے نغمہ توحیدکے دور دراز تک اجالے کیے ۔انہوں نے اپنی پوری عمر حق کے لیے اہل حق کے ساتھ قربانیاں دیں ان کا خلا مدتوں پورانہ ہو سکے گا ۔جامعہ عبید یہ کمالیہ میں مولانا مرحوم کی تعزیت کے لیے آنے والوں کا مسلسل تانتابندھا ہوا ہے اور لوگ ان کے لیے دعا خیر کر رہے ہیں ۔علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ قادیانیوں کو حکومت پاکستان اکاموڈیٹ کررہی ہے اور پیمرا نے Ked zone(کیڈ زون ) کے نام پر ایک ٹی وی چینل کی منظوری دے رکھی ہے جس سے اسلامیان پاکستان کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں ،اس کا سدباب کیا جانا ضروری ہے۔