دادو،واپڈا مافیاکرپشن میں ملوث، کنڈا کنکشن اور بوگس میٹر کی بھرمار

171

دادو (نمائندہ جسارت) سندھ بھر کی طرح ضلع دادو میں بھی واپڈا انتظامیہ کی طرف سے کروڑوں روپے کی کرپشن جاری ہے ضلع دادو میں کنڈا کنکشن کے ساتھ ساتھ بوگس میٹر کی بھرمار ہے جس سے ہر ماہ ضلع دادو میں 4 سے پانچ کروڑ کی کرپشن کی جاتی ہے ۔تحصیل جوہی، میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اور دادو شہر ودیگر چھوٹے بڑے شہروں میں کنڈا کنکشن کی بھرمار کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک طرف دادو میں گرمی 52 سینٹی گریڈ پر پہنچ گئی ہے تو دوسری طرف واپڈا والوں نے 16 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کردی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا اجیرن ہوگیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ واپڈا والے نہ میٹر ریڈنگ چیک کرتے ہیں نہ میٹر دیکھتے ہیں، پھر بھی دگنے بل بھیج دیتے ہیں۔ دوسری جانب شہریوں نے کہا کہ ہر ماہ بجلی کا بل دینے کے باوجود واپڈا والے ڈیڈیکشن لگا کر دگنے بل بھیج دیتے ہیں جو سراسر زیادتی اور ظلم ہے جبکہ واپڈا انتظامیہ ایس اے سرفراز احمد پٹھان، انجینئر تجمل بگ لغاری، ایس ڈی او ون شاد شاہ، لائن مین ذوالفقار شاہ سمیت 100 سے زیادہ واپڈا عملے نے دادو شہر میں 20 ہزار سے زیادہ غیرقانونی کنڈا کنکشن اور بوگس میٹر لگا کر ماہانہ کروڑوں روپے کی کرپشن کی جاتی ہے۔ دادو شہر کی شہباز کالونی، فرحان کالونی، غریب آباد، سورج آباد، ملاح چوک، بٹھ محلہ، شاہانی کالونی، مزدور آباد، نجم کالونی، بخاری محلہ، مزدور آباد، نجم الون، چھانو شاہ، دڑو روڈ اور مکھن محلہ مرخپور سمیت دیگر کالونیوں میں واپڈا آفیسرز نے پرائیویٹ لوگوں کو کنڈا کنکشن کے پیسے وصولی کے لیے مقرر کردیا ہے۔ واپڈا انتظامیہ نے وڈیروں، منتخب نمائندوں، ٹیوب ویل اور کارخانہ مالکان کو کنڈے کے کنکشن دے رکھے ہیں جس کا نزلہ عوام پر گرایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مزید کہا کہ ہر ماہ 5 کروڑ سے زیادہ کرپشن کرنے میں ایس ڈی اوز دادو سیپکو انجینئر تجمل لغاری بھی ملوث ہیں۔ واپڈا انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرنے کے باوجود شہریوں کی چیخ و پکار سننے والا کوئی نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نوٹس لیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کو روک کر کرپٹ واپڈا انتظامیہ کیخلاف کارروائی کریں۔