مولانا غلام محمد سیالوی قرآن کے خادم اور دین کے داعی تھے

178

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین مولانا غلام محمد سیالوی قرآن کے خادم، دین کے داعی اور محب وطن پاکستانی تھے ۔ان کی ساری زندگی دین کی خدمت کرتے گزری ہے۔ مولانا غلام محمد سیالوی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی نہیں بھر سکے گا۔ ان کی موت ایک فرد کی نہیں جہان کی موت ہے ،ان کی دینی ، تبلیغی اور تصنیفی خدمات صدقہ مدتوں یادرہیں گی ۔ امید ہے یہ خدمات ان کی مغفرت اور بخشش کا ذریعہ ثابت ہوںگی ۔ ان خیالا ت کا اظہاردینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ انٹر نیشنل کے منیجنگ ڈائریکڑ عبدالمالک مجاہد اور عکاشہ مجاہد نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا غلام محمد سیالوی اپنی ذات میں ایک جماعت ،سرمایہ شرافت تھے اور پاکستان کے لیے باعث فخر تھے اور اپنے معتدل رویے کی وجہ سے پاکستان کے تمام مکاتب فکر میں عزت ، محبت اوراحترام کی نگاہوں سے دیکھے جاتے تھے ۔وہ خادم قرآن اور دین کے سچے داعی تھے ۔انہیں اللہ تعالیٰ نے بے پناہ عزت اور شہرت سے نوازا ۔انہوں نے پاکستان بیت المال کے چیئرمین کی حیثیت سے دیانت وامانت اور مستحقین کی خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں جبکہ پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی قرآن مجید کی خدمت اورقرآن مجید کی طباعت واشاعت کے معیارکو بہتر اورخوبصورت بنانے کے لیے قابل فخر کام کیا ہے ۔دعا ہے کہ اللہ ان کی خدمات کوقبول فرمائے ،ان کے درجات بلندکرے ۔ان کی وفات دینی اورعلمی حلقوں کے لیے یقیناً بہت بڑاصدمہ ہے ۔ان کے لیے بہترین صدقہ جاریہ دعااور صبر ہے ۔اللہ ان کی قرآنی ،دینی ، تبلیغی اور تصنیفی خدمات کو قبول فرمائے ۔ان کی زندگی میں ہمارے لیے یہ پیغام ہے کہ حقیقی عزت ، کامیابی اور شہرت قرآن مجید کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے اور دین کی خدمت میں ہے ۔ اگرچہ آج مولانا غلام سیالوی ہم میں موجود نہیں لیکن وہ اپنے پیچھے لاکھوں ایسے شاگرد چھوڑ کرگئے ہیں جو ان کے لیے صدقہ جاریہ ہیں۔ امید ہے کہ یہ شاگرد اور قرآن مجید کی طباعت واشاعت کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی خدمات ان کے لیے صدقہ جاریہ ثابت ہوں گی۔