ڈومیسٹک کرکٹ سیزن یکم اگست تک موخر، ای سی بی

285

لندن (جسارت نیوز) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کورونا وائرس کی وجہ سے یکم اگست تک ڈومیسٹک سیزن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رواں سال میں تیسری مرتبہ ہوا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن التوا کا شکار ہوا ہے۔ اس سے قبل ای سی بی پہلے آغاز میں 28 مئی اور پھر یکم جولائی تک تاخیر کر چکا ہے جبکہ یہ سیزن 12 اپریل کو شروع ہونا تھا۔ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہا ہے کہ فطری طور پر ہم ہر سطح پر کرکٹ کو ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سیزن میں گھریلو اور تفریحی دونوں طرز کی کرکٹ شروع ہو سکتی ہیں اور اس سلسلے میں پروفیشنل گیم گروپ (پی جی جی ) کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کرچکے ہیں جس پر عمل کے لئے صیح وقت کا انتظار ہے۔ ٹام ہیریسن نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہماری اولین ترجیح کھیل اور کھلاڑی کا تحفظ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کھلاڑی میدان میں محفوظ لوٹ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تبھی ہوسکتا ہے جب کھلاڑی محفوظ ہوں، اور اس بحران زدہ حالات کے دوران کھیل میں شامل ہر شخص کی حفاظت اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ ٹام ہیریسن نے کہا کہ انگلینڈ مینز ٹیم کے کھلاڑیوں کو بورڈ کے ساتھ ایک انفرادی ٹریننگ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس میں تمام کھلاڑیوں کو سختی کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی تربیت دی جارہی ہے۔ ہیریسن نے زور دے کر کہا کہ بورڈ امید کر رہا ہے کہ کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تربیتی پروگرام بہت اہم ہے۔