سندھ‘ وینٹی لیٹرز خریدنے کیلیے 466 ملین روپے کی منظوری

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کا چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم احسن منگی، کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کے اراکین صوبائی سیکرٹری خزانہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے اسپتالوں کے لیے168 وینٹی لیٹرز خریدنے کے لیے پی ڈی ایم اے فنڈ سے466 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ سے مزید لیباریٹری آلات، مشینری اور دیگر میڈیکل آلات خریدنے کے لیے237 ملین روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں اب تک 3 ارب 61 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں اور کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ سے اب تک 1 ارب 5 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے ہیں جس سے میڈیکل آلات، ایکسپو سینٹر کراچی اور پی اے ایف میوزیم فیلڈ آئسولیشن سینٹر قائم ہوئے ہیں۔