طیارہ حادثہ:فرانسیسی ٹیم کا مسلسل تیسرے روز جائے وقوع کاجائزہ

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ائرپورٹ کے قریب 22 مئی کو پی آئی اے کے گرنے والے جہاز کی تحقیقات کے لیے ائر بس کی پاکستان آئی ہوئی ٹیم نے جمعہ کو ہیلی کاپٹر میں جہاز کی ناکام لینڈنگ کے بعد دوبارہ ٹیک آف کرنے ، اس کے راستے اور گرنے کے مقام کا جائزہ لیا ۔ ائربس کی تحقیقاتی ٹیم نیمسلسل 3 روز جائے حادثہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے جبکہ رن وے اور ائر پورٹ کے احاطے کا بھی جائزہ لیا تھا۔ذرائع کے مطابق ائر بس ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضا سے ہائی ریزولیشن کیمروں کی مدد سے عکس بندی کی جس کے مناظر کی وڈیو ائربس ہیڈ کوارٹر فرانس بھیجی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیم نے رن وے 25 L کا فضائی جائزہ لیا کیونکہ بدقسمت طیارے نے لینڈنگ کی پہلی کوشش رن وے 25 L پر کی تھی۔ ٹیک آف پوائنٹ سے لینڈنگ پوائنٹ کے درمیان ہیلی کاپٹر کی سیدھی پرواز اڑائی گئی جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائرپورٹ فنل ایریا میں گو اراؤنڈ چکر لگائے گئے۔حکومت نے تحقیقاتی ٹیم میں بھی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔توسیع کے فیصلے کے تحت تحقیقاتی ٹیم میں ماہرین طب و نفسیات بھی شامل ہوں گے جو بدقسمت جہاز کے پائلٹ کی طبی اور نفسیاتی کیفیت کی ہسٹری کا جائزہ لیں گے جبکہ پائلٹ کے اہلخانہ کی صحت سے متعلق معلومات بھی اکٹھی کی جائیں گی۔ پائلٹ کے اہل خانہ سے یہ تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی کہ جاں بحق پائلٹ گزشتہ 24گھنٹوں میں کسی ذہنی تناو کا شکار تو نہیں ہوئے تھے جبکہ پائلٹ اور کنٹرول ٹاور اسٹاف کی بھی میڈیکل ہسٹری طلب کر لی گئی ہے ۔