پاکستان نے بین الاقوامی پر وازیں بحال کر دیں

377

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے ملک کے تمام انٹرنیشنل ائرپورٹوں سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن (نوٹم ) کے مطابق حکومتی اجازت کے بعد ملک بھر کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن جمعہ کی رات 12 بجے سے شروع کردیا گیا ۔مذکورہ اجازت نامے کے تحت تما م شیڈول، نان شیڈول اور چارٹر پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم فضائی کمپنیوں کو گوادر اور تربت کے ہوائی اڈوں سے آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سی اے اے کے نوٹم کے مطابق آؤٹ باؤنڈ فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ان باؤنڈ کے لیے ہر کیس کے مطابق خصوصی طور پر اجازت لینا ہوگی ۔ ان باؤنڈ آپریشن کی اجازت نہ دینے کا مطلب یہ ہے کہ فضائی کمپنیاں بلا اجازت پاکستان کے لیے مسافر نہیں لاسکیں گی تاہم آؤٹ باؤنڈ آپریشن کی اجازت کے تحت وہ پاکستان سے مسافر لے جاسکیں گی ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ائرلائنز کو ایس او پیز کی پاسداری کرنا لازمی ہوگا، ہوائی جہازوں میں جراثیم کش اسپرے اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا۔علاوہ ازیں حکومت نے بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دینے کے ساتھ ہی اندرون ملک فضائی آپریشن میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق یکم جون سے ملک میں اندرون ملک فضائی آپریشن 40 تا 45 فیصد بحال کردیا جائے گا ۔ اس وقت اندرون ملک فضائی آپریشن 20 تا 22 فیصد ہے ۔ پاکستان کی جانب سے فضائی آپریشن کی بحالی کے ساتھ ہی سعودیہ ائر لائنز نے یکم تا 10 جون اپنی پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ سعودیہ ائر لائنز کے شیڈول کے مطابق کراچی کے لیے یکم جون ، پا5جون اور 5جون کو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جبکہ لاہور کے لیے 3 جون اور 9 جون اور اسلام آباد کے لیے 4 جون کو پرواز آپریٹ کی جائے گی۔ سعودیہ ائر لائنز کے ذرائع کے مطابق مذکورہ 6پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ڈیڑھ ہزار سے زاید پاکستانی وطن پہنچیں گے ۔ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے سعودیہ ائرلائنز حکومت پاکستان سے خصوصی اجازت حاصل کرے گی ۔