سعودی عرب میں علاقائی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

347

سعودی عرب میں علاقائی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا، 31 مئی سے اندرون ملک کے لیے پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

سعودی ایوی ایشن گاکا نے 70 روز کی بندش کے بعد ملک بھر کے لیے پروازیں بحال کرنے کا سرکلر جاری کر دیا۔

گاکا نے ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے تمام ایئرپورٹس پر کورونا سے حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔

علاقائی فضائی آپریشن مرحلہ وار بحال کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں کچھ ایئرپورٹس سے پروازیں آپریٹ ہوں گی اور دوسرے مرحلے میں تمام ایئرپورٹس سے پروازیں چلائی جائیں گی۔

تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں، اکانوی کلاس میں 2 مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی جب کہ فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس میں یہ فرق نہیں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی خاطر مملکت میں 21 مارچ سے ڈومیسٹک فلائٹس پر پابندی عائد کی گئی تھی۔