عدالت عظمیٰ ،جون میں انتہائی اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر

132

اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ میں جون میں انتہائی اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے ہیں ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس اور امریکی صحافی ڈینئل پرل کیس کے ملزمان کی بریت کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوگی۔ عدالت عظمی کے فاضل جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی سماعت3 ماہ بعد جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 10 رکنی بینچ 2جون کو کریگا۔ 24فروری کووفاقی حکومت نے عدالت سے 3 ہفتوں کا التوا مانگا تھا کورونا وائرس کے باعث کیس کی سماعت 3ماہ التوا کا شکار رہی۔دریں اثنا امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس میں نامزد ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ حکومت کی عدالت عالیہ سندھ کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پرسماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ یکم جون کوکرے گا۔ حکومت سندھ اور ڈینئل پرل کے ورثا نے ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا اور ڈینئل پرل قتل کیس کے مرکزی ملزم احمد عمر شیخ کی سزائے موت بھی بحالی کی اپیل کی تھی۔سندھ حکومت کی درخواست میں دیگر ملزمان فہد سلیم، سلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل کی عمر قید کی سزا بھی بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔